• news

صوابی اور پنجگور میں دہشت گردوں کی فائرنگ، 2اہلکار شہید، اے ایس آئی زخمی

صوابی+کوئٹہ+پشاور( آن لائن+بیورو رپورٹ) صوابی میں نا معلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہو گیا جبکہ اے ایس آئی زخمی ہو گیا۔ جبکہ پنجگور میں بھی دہشت گردوںنے فائرنگ کر دی جس کے باعث ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق موضع ادینہ ضلع صوابی میں سی ٹی ڈی اے ایس آئی فضل اکبر خان سکنہ مردان اور اہلکار ظاہر ڈیوٹی انجام دینے کے بعد واپس جا رہے تھے کہ مردان روڈ پر نا معلوم موٹر سائیکل سواردہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کا اہلکار ظاہر خان شہید ہو گیا جب کہ سی ٹی ڈی اہلکار اے ایس آئی فضل اکبر خان شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر پشاور منتقل کر دیا گیا ۔ علاوہ ازیں پنجگور بازار سبزی منڈی میں دہشت گردوں نے ایف سی اہلکار حامد علی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ سبزی منڈی میں معمول کی گشت پر تھا پولیس کے مطابق حامد علی شاہ موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔ بعد ازاں ایف سی اور پولیس نے سبزی منڈی کے ایریا کو سیل کر کے واقعہ سے متعلق تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر 2بھائیوں کو قتل کر دیا۔پشاور بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور کے تبلیغی مرکز اور فردوس خوشحال بازار میں4خود کش حملہ آوروں کے داخلے کی اطلاع پر سکیورٹی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں تا ہم پولیس ، سکیورٹی فورسز اور دیگر حساس اداروں کی جانب سے4گھنٹے کے مشترکہ سرچ آپریشن کے بعد علاقہ کو کلیئر قرار دے دیا گیا جمعرات کی شام حساس اداروں کو اطلاع ملی کہ جدید اسلحہ اور خود کش جیکٹوں سے لیس 4حملہ آور پشاور میں داخل ہو گئے ہیں جو شام6بجے کے بعد تبلیغی مرکز بچگی روڈ اور فردوس خوشحال بازار میں واقع مدرسے کو ٹارگٹ کرینگے۔تا ہم دونوں مقامات پر3سے4گھنٹے کے طویل سرچ آپریشن کے بعد علاقہ کو کلیئر قرار دے دیا گیا ۔علاوہ ازیں حب میں دو ماہ پرانی مسنح شدہ نعش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کو جھاڑیوں سے دو ماہ قبل پرانی لاش ملی جو کہ نا قابل شناخت ہے۔ادھر کوئٹہ کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے اندرون ملک ایرانی ڈیزل سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔علاوہ ازیں بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ایف سی اور حساس ادارے نے چمن کے علاقے محمود آباد میں کارروائی کرتے ہوئے چارمشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن