• news

سینٹ خصوصی کمیٹی میں خیبر پی کے کا تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی رقم صوبوں کو دینے کا مطالبہ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سینٹ کی خصوصی کمیٹی میں خیبرپی کے نے اٹھارویں ترمیم کے مطابق تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی رقم صوبوں کو دینے کا مطالبہ کردیا ہے‘ 24 مطالبات پر وفاقی حکومت سے سات روز میں جواب مانگ لیا گیا ہے ۔ خیبر پختونخواہ حکومت کے 24 مطالبات کے معاملہ پر گزشتہ روز کو سینیٹر سید مظفر حسین شاہ کی صدارت میں سینٹکی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، خیبر پختونخواہ حکومت کے نمائندوں نے اپنے 24 مطالبات کی تفصیلات پیش کر د یں ۔خصوصی کمیٹی نے وفاقی حکومت سے خیبر پی کے حکومت کے مطالبات پر سات روز میں تحریری جواب مانگ لیا متعلقہ وزارتوں کو خطوط بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان وفاقی وزارتوں کے جواب کے بعد ،کمیٹی آئندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پر غور کر ے گی ۔ ،خیبر پی کے حکومت کے ان مطالبات میں پشاور میں ماس ٹرانزٹ ریلوے ٹریک کے لئے وزارت ریلوے سے زمین لیز پر دینے کا معاملہ بھی شامل ہے ۔خیبرپی کے حکومت کے نمائندوں نے کہا کہ زمین کی فراہمی کے لئے وفاق کو کئی بار کہا لیکن جواب نہیں ملا۔خیبر پی کے حکومت کے موقف کے مطابق 31 دسمبر 2014 کو وزارت ریلوے کو زمین کی فراہمی کے لئے خط لکھا گیا تھا چمکنی انٹرچینج سے انڈسٹریل اسٹیٹ پشاور تک ریلوے ٹریک بچھانا چاہتے ہیں،ریلوے ماس ٹرانزٹ کے ساتھ ریپڈ بس منصوبہ بھی بنایا جائیگا۔ اسی طرح خیبر پختونخواہ میں تونائی بحران سے نمٹنے کے لئے پاور پلانٹ لگا نے کے لئے 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے ۔کے پی کے نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی رقم وفاق کی بجائے صوبوں کو دی جائے ہمارے صوبے سے نکلنے والی گیس پر رائلٹی ہمیں دی جائے ۔سینیٹر رحمن ملک نے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کو چاہیئے چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کرے۔

ای پیپر-دی نیشن