حکمران اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کی راہ میں رکاوٹ ہیں : مخدوم احمد محمود
لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ ملک و قوم پر مسلط حکمران ٹولہ جمہوریت کی مضبوطی اور اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کے معاملہ پر کسی صورت تیار نہیں۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین ، پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسراء اور میڈیا کوارڈینٹر محمد سلیم مغل کے ہمراہ کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ نواز کی حکومت نے ملک میں قرضوں کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے، موجودہ دور حکومت میں 8000 ارب روپے کا ملکی و غیر ملکی قرضہ لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ملک پر قرضوں کا مجموعی بوجھ 22000 ارب روپے سے بڑھ گیا۔