جمہوریت، پارلیمنٹ کے نام پر بدترین خاندانی آمریت مسلط ہے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف، خاندان اور ان کی پارٹی کے کرپٹ ہونے میں کوئی شک و شبہ نہیں، ایسے ہزاروں پاناما ان کی آستین میں پڑے ہیں۔ کرپشن میں ان سے بڑا کوئی ماہر نہیں ہے۔ ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کے نام پر بدترین خاندانی آمریت مسلط ہو چکی ہے، پارلیمنٹ، عدالتیں برائے نام قائم رہیں گی۔ ہمارا جمہوری ماڈل حسنی مبارک، کرنل قذافی، صدام حسین والی جمہوریت کی طرف جا رہا ہے۔ حقیقی جمہوریت، رول آف لاءاور ہیومین رائٹس کا پاکستان میں کوئی فیوچر نہیں ہے۔ مجھے اندیشہ ہے دہشتگردی پلٹے گی کیونکہ حکمرانوں کا دہشتگردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ قائم ہے، کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوا اور ہر کوشش کرپشن کے سامنے دم توڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں کی کرپشن بھی ہو رہی ہے اور ”عرب“ بچانے کیلئے بھی آ رہے ہیں۔ جب پاناما کے کرپٹ کردار پاک صاف ہو کر نکلیں گے اور پھر وہ جب جلسوں میں اپنی ایمانداری اور پاک بازی کے گیت گائیں گے تو پھر سب کو میرے انا للہ و انا الیہ راجعون والے تبصرے کی سمجھ آ جائے گی۔ جو کچھ افغانستان، عراق، مصر، لیبیا، یمن، شام میں ہوا مجھے ڈر ہے وہی کھیل پاکستان میں نہ ہو کیونکہ ایک خاندان اور اس کی کرپشن پورے سسٹم پر بھاری ہوچکی ہے۔ پاکستان کو ٹارگٹ ابھی اس وجہ نہیں بنایا جا رہا کہ یہ نیوکلیئر پاور ہے بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت آرمی کے ہاتھ میں ہے جب تک نیوکلیئر پاور آرمی کے کنٹرول میں رہے گی غیرملکی قوتیں اپنا ایجنڈا مکمل نہیں کر سکیں گی۔ ملکی بقاءکی ضمانت آرمی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔