کراچی میں دفاعی نمائش ختم ‘آخری روز اجازت ملنے پر عوام کی بھرپور شرکت
کراچی (این این آئی) وفاقی سیکرٹری برائے دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہتھیار برائے امن پریقین رکھتا ہے۔ پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز2016 کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ دفاعی نمائش کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔ نمائش میں مفاہمت کی14 یادداشت پر دستخط کیے گئے جبکہ ترکی سے سپر مشاق طیاروں کی خریداری کا معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں آئیڈیاز2016 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس نے کہا کہ کامرہ اور دفاعی پیداوار کے اداروں نے 120 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ دفاعی اداروں کی کاکردگی بھی اس عالمی نمائش کے ذریعہ نکھر گئی ہے۔کامیاب ایونٹ کے انعقاد میں پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں گزشتہ سال کی نسبت اس سال ممالک کی تعداد کا زیادہ ہونا پاکستان پر اعتماد کی مثال ہے۔ 2018آئیڈیاز مین ترکی اور چین سمیت کئی ممالک نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو نمائش کے موقع پر جن تکالیف کا سامنا رہا اس پر معذرت خواہ ہیں۔تاہم سکیورٹی وقت کی ضرورت تھی کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہوجاتا توانٹرنیشنل خبربن جاتی۔تقریب کے اختتام پر نمائش میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی ملکی اور غیر ملکی کمپینیوں کے نمائندگان کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ قبل ازیں نمائش کے آخری روز عوام کی بڑی تعداد نمائش دیکھنے کے لئے پہنچ گئی۔ ایکسپو سنٹر کے باہر شوقین افراد کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اکبر نمائش میں پہنچے تو شہریوں نے ڈی جی رینجرز کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈی جی رینجرز کے ساتھی سلفیاں بھی بنوائیں۔ نمائش میں رینجرز افسر ٹھاکر توجہ کا مرکز بن گئے۔ لوگوں نے دفاعی نمائش میں انہیں گھیر لیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے۔
نمائش