• news

مودی کو خبردار کرتا ہوں، ہم پیاسے مرنے پر لڑنے کو ترجیح دینگے: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا اور پاکستان کا پانی بند کرکے پاکستان کو بنجر بنا نا چاہتا ہے جس کا اس نے کھل کر اظہار کردیا۔ دیکھنا یہ ہے کہ ہمارے حکمران انڈس واٹر معاہدے کے تحفظ کیلئے کیا قدم اٹھاتے ہیں ۔مودی پانی بند کرنے کی عرصہ سے دھمکیاں دے رہا تھا مگر حکمرانوں نے اس کے سدباب کیلئے کچھ نہیں کیا۔میں مودی کو خبر دار کرتا ہوں کہ ہم پیاسے مرنے پر لڑنے کو ترجیح دیں گے۔ ملک میں سودی معیشت اور شراب کی سر عام فروخت اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کے پروردہ حکمران پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں،عوام کھانے کو مانگتے ہیں اور حکمران انہیں ڈانس سکھانے کی باتیں کرتے ہیں ،سپریم کورٹ کاسندھ ہائی کورٹ کے شراب پر پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کا حکم ناقابل فہم ہے۔ معاشرے میں پھیلتی برائیوں کا سبب حکمران ہیں جنہوں نے مغرب کی خوشنودی کیلئے اللہ کی نافرمانی کا راستہ اختیار کیا ہے اور معاشرے کو غیر اسلامی طرز زندگی اپنانے پر مجبور کر رکھا ہے۔ سینٹر سراج الحق نے کہا کہ 26،27نومبر کو جناح باغ کراچی میں ہونے والا جماعت اسلامی سندھ کا دوروزہ ورکرز کنونش ملک میں اسلامی نظام کے غلبہ کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک اپنے نقطہ عروج پر ہے ،امید ہے کہ قوم جلد کرپٹ حکمرانوں کو عبرت ناک انجام سے دوچار ہوتا دیکھے گی۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن