اداکارہ قسمت بیگ کو 12گولیاں لگیں‘ پوسٹمارٹم رپورٹ: والدہ‘ بہن کا سیکرٹری پر شک
لاہور (نامہ نگار، کلچرل رپورٹر) لاہور میں جمعرات کے روز قتل کی جانے والی سٹیج ادکارہ قسمت بیگ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے جسم پر 12 گولیاں لگیں‘ موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ قسمت بیگ کو 12 گولیاں ماری گئیں۔ 11 گولیاں ٹانگوں اور پیٹ پر جبکہ ایک گولی ہاتھ پر لگی، مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا گیا۔ مقتولہ حنا بیگ عرف قسمت بیگ کو ہربنس پورہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نمازجنازہ میں سخی سرور‘ علی رضا‘ نسیم وکی‘ قیصر پیا‘ شہزاد چیئرمین‘ پرویز خان‘ چنگیز خان اور دیگر نے شرکت کی۔ ابھی تک قاتلوں کا پتہ نہیں چل سکا۔ علاوہ ازیں مقتولہ اداکارہ قسمت بیگ کی بہن ستارہ بیگ اور والدہ نے سیکرٹری پر شک کا اظہار کر دیا۔ ستارہ بیگ نے کہا ہے کہ پٹیاں اتروا کر دیکھا جائے سیکرٹری زخمی ہے یا نہیں۔ والدہ کا کہنا ہے کہ پستول لوڈ تھا‘ اس نے مزاحمت میں ایک گولی نہیں چلائی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے اور بہت جلد ان کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
قسمت بیگ / گولیاں