لاہور ہائیکورٹ میں نئے 14 ایڈیشنل ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے )صدر ممنون حسین نے لاہور ہائیکورٹ میں نئے تعینات ہونے والے 14 ایڈیشنل ججز کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ آج حلف اٹھائیں گے۔ 14 ججز کی تعیناتی کے بعد عدالت عالیہ میں ججز کی کمی پوری ہو گئی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ آج ججز سے انکے عہدوں کا حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب صبح گیارہ بجے عدالت عالیہ لاہور کے مرکزی لان میں منعقد ہوگی جس میں لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج صاحبان، صوبائی و وفاقی لاءافسران، وکلاءاور عدالت عالیہ کے افسران سمیت حلف اٹھانے والے ججز کی فیملیز بھی شرکت کریں گی۔ حلف اٹھانے والوں میں سیشن ججز مجاہد مستقیم احمد، طارق افتخار احمد، عبدالستار، حبیب اللہ عامر، بشیر پراچہ، اسجد جاوید گورال، طارق سلیم شیخ، جواد حسن، احمد رضا گیلانی، مزمل اختر شبیر، مدثر خالد عباسی ، عبدالرحمان اورنگزیب، محمد علی اور چودھری عبدالعزیز شامل ہیں۔ جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین نومبر کے اجلاس میں عدالت عالیہ لاہور کے لئے 14 نئے ججز کی تقرری کی منظوری دی تھی۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس اعجاز افضل خان، سابق جج سپریم کورٹ جاوید اقبال، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس شاہد حمید ڈار، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، ممبر پاکستان بار کونسل یٰسین آزاد، ممبر پنجاب بار کونسل جاوید ہاشمی اور صوبائی وزیر قانون پنجاب نے شرکت کی۔ 14 ججز کے حلف اٹھانے کے بعد عدالت عالیہ لاہور میں جج صاحبان کی منظور شدہ تعداد 60 پوری ہوجائے گی۔
ججز تقرری/ نوٹیفکیشن جاری