• news

صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، مقبوضہ خطے میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا، دونوں ملک تحمل کا مظاہرہ کریں: برطانوی وزیر خارجہ

اسلام آباد +لاہور( ایجنسیاں+سپیشل رپورٹر) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کی پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانس سے مختصر ملاقات ہوئی ، صدر آزاد کشمیر نے برطانوی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے انسانیت کے خلاف جرائم اور ایک منصوبہ بندی کے تحت جنگی حربے کے طور پر 980 نوجوانوں کی آنکھوں کو نشانہ بنا کر انہیں بصارت سے محروم کرنے ، کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہات میںشہری آبادیوں کو ہدف بنانے خصوصاً گزشتہ روز وادی نیلم میں ایک مسافر بس پر گولہ باری کے بعد زخمیوں کو ریسکیو کرنے والی ایمبولینس پر اندھا دھند فارئرنگ کے واقعات سے آگاہ کیا ۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانس نے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت دونوں سے کہیں گے کہ وہ کنٹرول لا ئن پر تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طور پر حل کرنے کی راہیں تلاش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان واقعات کے حوالے سے غیر جانبدار ذرائع سے معلومات حاصل کریں گے ۔ جس کے بعد برطانوی حکومت با ضابطہ رد عمل ظاہر کرے گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے برطانوی وزیر خارجہ کو یاد دلایا کہ یہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کردہ اور تقسیم ہند کے نا مکمل ایجنڈے کا حصہ ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن