نیا آرمی چیف، سینئر جرنیلز کو سپر سیڈ کرنے کی روایت رہتی ہے یا نہیں، فیصلہ ہونے والا ہے
رحیم یار خان(احسان الحق سے) پاکستان میں سینئر ترین جرنیلز کو سپر سیڈ کر کے نیا آرمی چیف تعینات کرنے کی تاریخ کافی پرانی ہے جو پاکستان کے پہلے مسلمان آرمی چیف فیلڈ مارشل ایوب خان سے شروع ہو کر موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف تک کی تعیناتی تک محیط ہے، تاہم نئے آرمی چیف کی تعیناتی میں اس ریت کو برقرار رکھا جاتا ہے یا نہیں اس بات کا فیصلہ جلد سامنے آجائے گا۔ وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 7 سینئر جرنیلز کو سپر سیڈ کر کے جنرل ضیاء الحق کو آرمی چیف تعینات کیا تھا۔ پاکستان کے پہلے مسلمان آرمی چیف ایوب خان کو چار سینئر فوجی آفیسرز میجر جنرل افتخار خان، میجر جنرل اشفاق الماجد، میجر جنرل اکبر خان اور میجر جنرل این اے ایم رضا کو سپر سیڈ کر کے تعینات کیا گیا تھا۔ جنرل ضیاء الحق کو سینئر آرمی آفیسرز لیفٹیننٹ جنرل محمد شریف، لیفٹیننٹ جنرل اکبر خان، لیفٹیننٹ جنرل آفتاب احمد خان، لیفٹیننٹ جنرل عظمت بخش اعوان، لیفٹیننٹ جنرل آغا ابراہیم اکرم، لیفٹیننٹ جنرل عبدالمجید ملک اور لیفٹیننٹ جنرل غلام جیلانی خان کو سپر سیڈ کرکے آرمی چیف تعینات کیا گیا تھا۔