جنرل قمر جاوید کشمیر محاذ کا تجربہ رکھتے ہیں، تقرری بہترین فیصلہ ہے: ایکس سروس مین فورم
اسلام آباد (نامہ نگار) ایکس سروس مین لیگل فورم نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کشمیر کے محاذ کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں، اس لحاظ سے انکی بطور سپہ سالار تقرری وزیراعظم کا بہترین فیصلہ ہے۔ تنظیم کے کنوینئر معروف قانون دان کرنل (ر) انعام الرحیم نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نادرن ایریا کی کمانڈ بطور میجر جنرل کرچکے ہیں اور دوسرے نمبر پر ٹین کور جو پاکستان کی سب سے ایکٹو کور ہے، اسکے کور کمانڈر رہ چکے ہیں، انکی زیرنگرانی پورا کشمیر کا محاذ آتا ہے جس پر بھارت فائرنگ کرتا رہتا ہے اور ان حالات میں ٹین کور کی طرف سے ہمیشہ بھرپور جواب دیا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو انہیں اس جنگی صورتحال کا پوری طرح تجربہ ہے اور وہ حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ اس لحاظ سے جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم کی بہترین چوائس ہیں۔ ایکس سروس مین اور پوری قوم کی نیک خواہشات اور دعائیں انکے ساتھ ہیں کہ وہ بطور چیف آف آرمی سٹاف پاکستان کے تحفظ کیلئے مثالی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل زبیر محمود حیات بھی ایک تجربہ کار جنرل ہیں وہ سٹرٹیجک پلاننگ ڈویژن کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں اور جی ایچ کیو کے اندر بطور چیف آف جنرل سٹاف ڈیوٹی بھی سر انجام دے چکے ہیں، بطور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی وہ تینوں فورسز کیساتھ ایک بہتر رابطہ رکھیں گے جس کا ماضی میں بھی انہیں تجربہ ہے۔ کرنل (ر) انعام الرحیم نے کہا کہ جنرل راحیل نے خود اعلان کیا کہ وہ توسیع نہیں لیں گے اور خود کو ملکی سیاست سے دور رکھا جس کی وجہ سے وہ فوج کو عزت و احترام سے خدا حافظ کہہ رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری نئی قیادت ان اعلیٰ روایات کو قائم رکھے گی۔