سپریم کورٹ میں رواں ہفتے مقدمات کی سماعت کیلئے 6 بنچ تشکیل
اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران سپریم کورٹ میں مختلف مقدمات کی سماعت کے لئے 2لارجر بنچ اور معمول کے 6 بنچ تشکیل دے دیئے ہیں۔ 5رکنی لارجر بنچ منگل کے روز پنجاب پولیس کے آؤٹ آف ٹرن ترقیاں لینے والے ملازمین کے کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیر عالم اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ کرے گا جبکہ بدھ کے روز5رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس شیخ عظمت ، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ پانامہ لیکس کے الزامات کی تحقیقات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور شیخ رشید وغیرہ کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ آج چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر اثاثے چھپانے کے الزام میں عوامی عہدہ سے نااہلی کے حوالے سے ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناکام رہ جانے والے امیدوار شکیل اعوان کی انتخابی اپیل کی سماعت بھی کرے گا۔ معمول کے بنچ نمبر1چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سرابرہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز الاحسن، بنچ نمبر 2 جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر پر مشتمل دو رکنی ہے۔ بنچ نمبر3جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس طارق پرویز پر مشتمل تین رکنی ہے۔ بنچ نمبر 4جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس شیر عالم پر مشتمل دو رکنی ہے۔ بنچ نمبر5 جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی ہے جبکہ بنچ نمبر6 جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس خلجی عارف پر مشتمل ہے۔