• news

بہاولپور : عملے کی بدتمیزی پر احتجاجاً انجن کے شیشے توڑنے والی خاتون گرفتار

بہاولپور (نامہ نگار) ٹرین عملہ کی بدتمیزی پر خاتون نے احتجاجاً انجن کے شیشے توڑ ڈالے‘ ٹرین دوگھنٹہ سمہ سٹہ ریلوے سٹیشن پرکھڑی رہی جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے لاہورجانے والی فرید ایکسپریس جب سمہ سٹہ ریلوے سٹیشن پر پہنچی تو وہاڑی کی خاتون آسیہ اکرام جوکہ اپنے خاوندکے ساتھ ٹرین میں سفرکررہی تھی، نے فرید ایکسپریس کے انجن کی سائیڈ شیشے اینٹ کی ضرب لگا کر توڑ دئیے جس پر ٹرین کوسمہ سٹہ ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا جس کے باعث متبادل انجن کے انتظارمیں ٹرین دو گھنٹہ سے زائد سمہ سٹہ ریلوے سٹیشن پرکھڑی رہی۔ ریلوے پولیس نے خاتون کوحراست میں لے لیا۔ ایک مسافر رضوان نے بتایا کہ خاتون کے ساتھ ٹرین کے عملہ نے بدتمیزی کی جس پر خاتون نے ٹرین انچارج سے شکایت کی مگر اس نے کوئی کارروائی نہ کی جس پر خاتون نے طیش میں آکر ٹرین کے انجن کے سائیڈ شیشے اینٹیں مارکر توڑ دئیے۔ پولیس تھانہ ریلوے چوکی سمہ سٹہ نے رپورٹ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان کو ارسال کردی۔ بعدازاں ٹرین دوگھنٹے کی تاخیر سے سمہ سٹہ ریلوے سٹیشن سے لاہور کیلئے روانہ ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن