زندہ قومیں ہم عصر تہذیبوں سے رابطے متحرک رکھتی ہیں: بیگم ممنون حسین
اسلام آ باد (آئی این پی) بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنی ہم عصر تہذیبوں کے ساتھ اپنے رابطے ہمیشہ متحرک رکھتی ہیں تاکہ وہ نئے رجحانات سے بھی آگاہ ہوسکیں اور ان سے اچھی باتیں سیکھ کر اپنے معاشرے کو ترقی بھی دے سکیں۔ وہ پاکستان فارن آفس ویمنز ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پفوا اس سلسلے میں اپنی ذمے داریوں کو خوب سمجھتی ہے اور انہیں نہایت مؤثر طریقے سے ادا بھی کررہی ہے۔ یہ سرگرمیاں پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوں گی۔ خاتونِ اول نے کہا کہ پاکستان اور دنیا کے مختلف خطوں کی رنگا رنگ ثقافت کی نمائندگی کرنے والے سٹالز دیکھ کر خوشی ہوئی۔ مجھے امید ہے کہ مختلف اقوام کی پریڈ بھی خوشگوار اثرات مرتب کرے گی۔ اس شاندار تقریب کے انعقاد پر پفوا مبارک باد کی مستحق ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پفوا(PFOWA) غیر رسمی سفارت کاری میں اپنی بہترین صلاحیتیں صرف کرنے کے علاوہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی مصروف ہے۔ سکولوں کی تعمیر، زلزلہ زدگان اور نادار طلبہ کی امداد اور بیماروں کے علاج کے اخراجات برداشت کرنے جیسی سرگرمیاں اس کا ثبوت ہیں۔ خاتون اول نے اس موقع پر نمائش کا افتتاح کیا ، مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور ان کے کام کو سراہا۔