• news

راحیل شریف بھرپور خراج تحسین کیساتھ رخصت، جنرل قمر باجوہ آج فوجی کمان سنبھالیں گے، زبیر حیات نے چارج لے لیا

اسلام آباد + لاہور (سٹاف رپورٹر + خصوصی رپورٹر) بری فوج کے نامزد سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ آج آرمی چیف کا منصب سنبھال لیں گے۔ اس موقع پر جی ایچ کیو سے متصل ہاکی سٹیڈیم میں پروقار تقریب منعقد ہو گی۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کمان کی چھڑی جنرل قمر جاوید کے سپرد کریں گے۔ اس سے پہلے وہ جی ایچ کیو میں ایک مختصر تقریب کے دوران قمر جاوید باجوہ کو فور سٹار جنرل کے بیج لگائیں گے۔ تبدیلی کمان کی اس تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، تینوں مسلح افواج کے افسر، عمائدین اور اعلیٰ سول حکام سفارتکار اور میڈیا کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ آج کی تقریب کے بعد جنرل راحیل شریف سبکدوش ہو جائیں گے اور وہ بھرپور خراج تحسین کے ساتھ رخصت ہونگے۔جنرل زبیر محمود حیات نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے نئے چیئرمین کا منصب سنبھال لیا ہے۔ اس حوالے سے تقریب جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں ہوئی جہاں سبکدوش ہونیوالے چیئرمین جنرل راشد محمود نے جنرل زبیر محمود حیات کو کمان سونپی۔ نامزد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آج سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے اعلی افسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ کمان کی تبدیلی کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ جنرل زبیر حیات کا تعلق آرٹلری رجمنٹ سے ہے۔ وہ لیفٹیننٹ جنرل کی حیثیت سے ایٹمی ہتھیاروں کے نگہبان ادارے، نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے سیکرٹریٹ، سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں جو این سی اے کا سیکرٹریٹ ہے۔ جنرل زبیر حیات نے 24 اکتوبر 1980ء میں آرٹلری رجمنٹ میں کمشن حاصل کیا، وہ فورٹ سل اوکلوہوما، امریکہ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کیمبرلے، برطانیہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجوئیٹ ہیں۔ نامزد آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ آج پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ جی ایچ کیو سے متصل ہاکی سٹیڈیم میں پروقار تقریب کے باقاعدہ آغاز سے پہلے جنرل راحیل شریف جنرل قمرباجوہ کو بیجز لگائیں گے۔ جس کے بعد سبکدوش ہونے والے آرمی چیف اپنے جانشین کے ساتھ تقریب میں پہنچیں گے۔ جنرل راحیل شریف کو ان کی فرنٹئیر رجمنٹ کا دستہ جبکہ جنرل قمر باجوہ کو ان کی بلوچ رجمنٹ کا دستہ سلامی پیش کرے گا۔تقریب کے سب سے اہم لمحے میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوج کی کمان کی چھڑی اپنے جانشین جنرل قمر جاوید باجوہ کو سونپیں گے۔تقریب کیلئے دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ کابینہ کے ارکان سمیت فضائیہ اور بحریہ کے سربراہ تقریب میں شریک ہوں گے۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات اور سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی تقریب میں مدعو ہوں گے۔ غیر ملکی سفارتکاروں، ریٹائرڈ اعلی فوجی حکام اور میڈیا کے ارکان کو بھی دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔ پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی تقریب آج ہو گی چینی سفیر سن وی ڈونگ نے جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اورجنرل قمر جاوید باجوہ کو چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک اوران کی افواج کے مابین خوشگوار تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔ چینی سفارتخانے کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی سفیر نے جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک اور افواج کے مابین خوشگوار تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو بے شمار کامیابیوں اور ملک میں ا من واستحکام کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنے پر بھی مبارکباد دی ۔چینی سفیر نے دونوں ممالک اور افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے جنرل راحیل شریف کی جانب سے اہم کردار اداکئے جانے کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔انہوں نے چین پاک اقتصادی راہداری کیلئے جنرل راحیل کے عزم اور حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سن وی ڈونگ نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کو دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور کامیابیاں حاصل کرنے پر بھی مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر جنرل زبیر محمود حیات کو مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صدر، وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں کیں اور آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس بھی ہوئی جس میں جنرل راحیل کی پاک فوج کیلئے خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ صدر اور وزیراعظم نے جنرل راحیل شریف کی پاک فوج اور ملک کیلئے خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف نے فرائض کی ادائیگی میں تعاون پر صدر اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے جنرل راحیل شریف کی بطور آرمی چیف مسلح افواج اور ملکی دفاع کیلئے خدمات کی تعریف کی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ہر مرحلے پر صدر کی رہنمائی اور تعاون حاصل رہا ہے۔ آپ کے پرخلوص تعاون اور رہنمائی پر شکرگزار ہوں۔ بعد میں جنرل راحیل نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ملکی سلامتی ودفاع اور پاک فوج کیلئے جنرل راحیل شریف کی خدمات بری فوج کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل راحیل شریف کی گرانقدر خدمات کو سراہا اور ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی اور ان کے اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ صدر ممنون حسین نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور دفاع وطن کے لیے بھر پور تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا افواج پاکستان کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔صدر نے ملک کے تمام حصوں میں دہشت گردی اور شدّت پسندی کے خاتمے کے سلسلے میں جنرل راحیل شریف کے شاندارکردارکی تعریف کی اور کہا کہ اْن کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز کا بھی الوداعی دورہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ہیڈکوارٹرز میں ان کا خیرمقدم کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے آئی ایس آئی کے کردار پر فخر ہے۔توقع ہے کہ مستقبل میں بھی آئی ایس آئی کے جوان اسی انداز میں کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ آئی ایس آئی بالخصوص لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کے کردار کی تعریف کی اور ملک میں قیام امن کیلئے دی جانیوالی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔آرمی چیف جنرل راحیل کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں نامزد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرزنے جنرل راحیل شریف کی قیادت اور پیشہ وارانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل راحیل شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو نئے عہدے اور ترقی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ کور کمانڈرز کے تعاون کے بغیر کامیابیوں کا حصول ممکن نہ تھا۔ دنیا کی بہترین فوج کی قیادت پر فخر ہے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے بھرپور تعاون پر کور کمانڈرز کو سراہا اور کہا کہ دنیا کی بہترین فوج کی قیادت پر فخر ہے۔ دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے پاک فوج میں تقرریوں کی تردید کر دی ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا، میڈیا پر فوجی افسران کی تقرریوں سے متعلق خبریں غلط ہیں۔ فوج میں تقرریوں سے متعلق جب حتمی فیصلہ ہو گا آگاہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن