• news

نوائے وقت اوکاڑہ کے نامہ نگار حسنین رضا کی گرفتاری، ٹی وی چینلز کی بندش کیخلاف قومی اسمبلی پریس گیلری سے صحافیوں کا واک آئوٹ، مریم اورنگ زیب کا دورہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے صحافیوں نے روزنامہ نوائے وقت کے اوکاڑہ میں نمائندے حافظ حسنین رضا کی گرفتاری اور نجی ٹیلی ویژن کی بندش اور جرمانوں کے خلاف واک آئوٹ کیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب پریس گیلری میں آئیں اور واک آئوٹ کرنے والے صحافیوں سے بات چیت کی۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر صدیق ساجد، نواز رضا، ارشد وحید چودھری اور مطیع اللہ خان نے روزنامہ نوائے وقت کے اوکاڑہ کے نمائندے کے خلاف مقدمات اور ان کو 8 ماہ سے جیل میں رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پیمرا کی جانب سے نجی ٹیلی ویژن بند کرنے کے حکم سے پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے بتایا وہ حافظ حسنین رضا کے خلاف مقدمات اور ان کو جیل میں رکھے جانے کے بارے میں آگاہ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی وطن واپسی کے بعد وہ اس مسئلہ کو اٹھائیں گی اور اس کا کوئی حل نکال لیں گی۔ انہوں نے کہا پیمرا نے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی سپریم کورٹ کی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی ہے۔ نجی ٹی وی چینلوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ جس کے بعد صحافیوں نے واک آئوٹ ختم کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن