• news

کشمیر میں ہونے والے مظالم کیخلاف سیاسی طور پر آواز نہیں اٹھائی جا رہی: لارڈ نذیر

لاہور (سپیشل رپورٹر + سٹاف رپورٹر)برطانوی ہاﺅس آف لارڈ کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ مودی بھارت میں آر ایس ایس کو خوش کرنے کے لئے کشمیر میں انتہاءپسند پالیسی پر گامزن ہے لیکن پاکستان فوج بحثیت ادارہ اپنا کام کر رہی ہے لیکن سیاسی طور پر کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز نہیں اٹھائی جارہی ہے وزیر اعظم ترکمانستان کے دورے کے بجائے کشمیرکا دورہ کرکے جو 39 سول لوگ بھارتی فائرنگ سے شہید ہوئے ہیں ان کے سروں پر ہاتھ رکھتے ۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہیں۔ ان کے ان کے ہمراہ چودھری سرور اور ڈاکٹر محمود بھی شریک تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پنجاب میں علاج معالجے کے لئے پورے پنجاب میں پرائمری اینڈ سیکنڈی کئیر یونٹ تحصیل کی سطح پر کھولنے لگے ہیں جہاں پر غریبوں کو مفت علاج اور ٹیسٹوں کی سہولت حاصل ہو گی اس کے لئے پہلے فیز میں لاہور سے ملتان تک تمام تحصیل میں پرائمری ہیلتھ کئیر یونٹ کھولے جارہے ہیں اس کے بعد دو بڑے ہسپتال لاہور اور ملتان میں بنائے جائیں گے جہاں پر علاج معالجے کی سہولیات غریبوں کے لئے مفت میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ 143 دن ہو گئے ہیں بھارتکشمیر میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ وہ کشمیر میں وار کرائمز کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ بھارت کی ایل او سی پر جو خلاف ورزی کی ہوئی ہے وہ کشمیر پر توجہ ہٹانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں حکمران جماعت مودی، بھارتی مظالم، راءکی پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف بات چیت نہیں کر رہی۔ جتنا وقت حکمران جماعت عمران خان پر میڈیا میں تنقید کرتے گزارتی ہے اتنا وقت اگر وہ میڈیا پر کشمیر میں ہونے والے ظلم پر دے دیتی تو بہت بہتر ہوتا۔ علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبا کے زیر اہتمام فیصل آڈیٹوریم میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔ پاکستانی قوم نے کشمیر کاز کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔ پاکستان بھارت میں جاری سکھ تحریکوں کی بھی سپورٹ کرے اور سکھوں کو آزادی دلوانے کی کوشش کرے۔ 80 فیصد سکھ بھارت سے آزادی کے لئے تیار ہیں۔کشمیریوں، فلسطینیوں اور سکھوں کو ان کا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خالصتان بن گیا تو کشمیر تو ویسے ہی آزاد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے پانی بند کرنے کی جو دھمکی دی ہے اگر اس کا مناسب جواب نہ دیا گیا تو وہ پانی بند بھی کر دے گا۔

لارڈ نذیر

ای پیپر-دی نیشن