چند سڑکوں، پلوں کی تعمیر کا نام خوشحالی نہیں، ادارے تباہ ہوچکے: طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ چند سڑکوں، پلوں کی تعمیر کا نام خوشحالی نہیں، تعلیم اور انصاف کے بغیر معاشرے قائم نہیں رہ سکتے ، ایک شخص کے اقتدار کی مضبوطی پاکستان کی کمزوری ہے۔ ادارے تباہ ہو چکے، جب تک ظلم ، ناانصافی ہے ہماری جدوجہد اور مزاحمت بھی جاری رہے گی۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔وکلاء نے انہیں بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر کو ہو گی اور جوڈیشل کمیشن رپورٹ کے حصول کے ضمن میں لاہور ہائیکورٹ کا بنچ آج 30 نومبر کو سماعت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خاموشی، لا تعلقی اور بے بسی کا فائدہ ظالم، قاتل اور کرپٹ اٹھا رہے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ 4 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ انکے دورہ کراچی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ عوامی تحریک کے مرکزی رہنما 2 دسمبر کو لاہور سے کراچی پہنچیں گے۔