تجارتی راہداریوںکا لفظ میرے دل کے بڑا قریب ہے: افغان سفیر
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری راولپنڈی کے زیر اہتمام پاک افغان تجارت کے حوالے سے کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں افغان سفیر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کانفرنس سے خطاب میںکہا کہ افغانستان وسطی ایشیا کیلئے گیٹ وے ہے۔ پورے خطے کیلئے اقتصادی تعاون ضروری ہے۔ دہشت گردی نے ہمارے اقتصادی ایجنڈے کو متاثر کیا۔ معاشی ایجنڈا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔ پاکستانی تاجروں کو طویل اور ملٹی پل ویزے جاری کریں گے۔ تجارتی راہداریوں کا لفظ میرے دل کے بڑا قریب ہے۔ پاکستانی تاجروں کیلئے دل اور دروازے کھلے ہیں۔ تاجروں کو ویزے میں کوئی مشکل آئے تو فوری حل کریں گے۔ کانفرنس میں تاجروں نے ویزوں کے اجراء میں آسانی کا مطالبہ کیا۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس کیلئے چھاپے مار کر تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان، پرامن پاکستان کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن اور ترقی کا خواہش مند ہے۔ سی پیک ایک گیم چینجر ہے۔ سی پیک نے وسط ایشیا، روس اور یورپ تک جانا ہے۔ خطے کے ممالک کے ساتھ روابط ترقی کا انجن ہیں۔ تجارت کے فروغ کیلئے تاجر برادری کی تجاویز کو سنجیدہ لیں گے۔ پاک افغان تجارت میں 50 فیصد اضافہ محض چندسال میں دیکھا گیا۔ کاسا ایک ہزار میگاواٹ کے منصوبے کو سردخانے سے نکالا ہے۔ پاک افغان سالانہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ اس وقت تجارت کا حجم دو ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔ پاکستان کی آبادی دو فیصد سالانہ بڑھ رہی ہے۔ جی ڈی پی میں 7 فیصد اضافے کی ضرورت ہے۔