بھارت نے چوتھا اور آخری گن شپ ہیلی کاپٹر افغانستان کو دیدیا، عسکری امداد میں جلد اضافہ کرے گا
نئی دہلی /کابل(صباح نیوز) بھارت نے افغانستان کو چوتھا اور آخری گن شپ ہیلی کاپٹر دے دیا،نئی دہلی نے افغان نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی فورسز کی دوبارہ بحالی کے لیے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کی ہے۔ بھارت نے آخری اور چوتھے ایم آئی 24 گن شپ ہیلی کاپٹر کی فراہم کردیاہے ، گن شپ ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے موقع پر بھارتی ایئرفورس کے اہلکار بھی کابل میں آئے تھے واضح رہے کہ اس سے پہلے بھارت 3 گن شپ ہیلی کاپٹر افغانستان ایئرفورس(اے اے ایف)کو دے چکا ہے۔ بھارت افغانستان کے اضافی پرزہ جات اور دیگر عسکری امداد میں جلد اضافہ کرے گا۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق اس ہفتے امرتسر میں چھٹی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران روس کے ساتھ مل کرایک سہ فریقی فریم ورک طے پانے کا امکان ہے۔ اس وقت افغانستان میں روسی ساختہ چالیس سے پچاس ہیلی کاپٹر اور کچھ ٹرانسپورٹ جہاز موجود ہیں جن کی بحالی کے لیے پرزہ جات کی ضرورت ہے۔