چین اور پاکستان قریبی فوجی تعلقات کو برقرار رکھیں گے:چینی وزارت دفاع
بیجنگ (آئی این پی) چین کی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل یانگ یو جن نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ چین اور پاکستان اپنی کئی دہائیوں پرانی، قریبی، دفاعی فوج تا فوج پارٹنر شپ کو قائم رکھیں گے ، جہازوں کی خوش اسلوبی سے آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے گوادر کی سمندری بندرگاہ پر بحریہ کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک بندرگاہ پر آپریشن کو مستحکم بنانے کے لئے قریبی رابطے سے کام کریں گے جس سے علاقائی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنر ہیں ، دونوں ممالک کی افواج نے قریبی اور عملی تبادلوں اور تعاون کو قائم رکھا ہے ، دونوں ممالک کی بحریہ نے بحری جہازوں کی بندرگاہ پر آمد اور بندرگاہوں وغیرہ پر ری پلینشمنٹ سمیت شعبوں میں دوستانہ تبادلے اور تعاون کو قائم رکھا ہے۔بھارتی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ کے حالیہ دورہ چین کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ سنگھ نے چین کے مرکزی فوجی کمشن کے وائس چیئر مین جنرل شو چیلانگ اور عوامی سپاہ آزادی بری فوج کے کمانڈر جنرل لائی جوئو چنگ کے ساتھ ملاقاتیں اور مذاکرات کئے ، طرفین نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ فوجی تعلقات کی مزید ترقی ، فوجی تبادلوں ،تعاون میں اضافے اور سرحدی دفاع اور سرحدی انتظام و انصرام اور کنٹرول کے بارے میں وسیع تر اتفاق رائے طے پایا۔