نوازشریف سے فون پر گفتگو، ٹرمپ کی باتوں نے حیرت زدہ کر دیا : اے ایف پی
اسلام آباد (اے ایف پی) پاکستان نے کہا ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نوازشریف کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہت عمدہ شخصیت قرار دیا اور پاکستان کو شاندار ملک قرار دے کر حمایت کا اعلان کیا۔ حکومت نے نوازشریف اور ٹرمپ کی گفتگو کی تفصیلات جاری کیں۔ اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کے ماضی کے بیانات کے حوالے سے اس بیان پر کافی حیرت کا اظہار کیا گیا کیونکہ اس سے قبل وہ مسلمانوں کے خلاف کافی بیانات دے چکے تھے۔ 17 جنوری 2012ء پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا تھا کہ وہ ہمارا دوست نہیں ہے، ہم نے اربوں ڈالر دئیے پاکستان نے اس کے بدلے میں ہمیں کیا دیا۔ اس حوالے سے ایسے وقت میں جب نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ میں پانامہ کیس چل رہا ہے بیان میں بتایا گیا کہ ٹرمپ نے نوازشریف کو بہت اچھی شہرت کا حامل قرار دیا۔