• news

وزیراعظم کی چودھری نثار کو سیاست میں پرو ایکٹو رول ادا کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ملکی سیاست میں ”پرو ایکٹو رول“ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ حکومت کے مخالفین کا ماضی کی طرح جارحانہ انداز میں جواب دیں۔ نثار علی خان نے وزیراعظم پر واضح کردیا ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت کو ان پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس بات کا لحاظ کئے بغیر کوئی جماعت کہاں کھڑی ہے اگر اس کی جانب سے ”طنز کے تیر“ چلائے جائیں گے تو وہ ان کا بھرپور جواب دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات میں ملک کے آئندہ ”سیاسی نقشہ“ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنما¶ں نے اس بات پر اتفاق رائے کیا کہ 2017ءکو 2018کے انتخابات کی تیاریوں کا سال کے طور پر منایا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزیر داخلہ کی دھرنے کو ناکام بنانے کی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ ناکام دھرنے نے سیاسی نقشہ تبدیل کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی قیادت اپنی ”توپوں“ کا رخ پیپلز پارٹی کی بجائے تحریک انصاف کی طرف کرنا چاہتی ہے۔ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم پر واضح کردیا ہے پیپلز پارٹی سے یکطرفہ ”سیزفائر“ نہیں ہوسکتا۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) آئین میں 24ویں ترمیم منظور کرانے کے لئے پیپلز پارٹی کے تعاون کی خواستگار ہے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اس بارے میں آئندہ چند دنوں میں پیپلز پارٹی کے رہنما¶ں سے باضابطہ مذاکرات کریں گے۔
نثار/ ہدایت

ای پیپر-دی نیشن