متحدہ پاکستان کے وفد کی ملاقات‘ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کےلئے آواز اٹھانی چاہئے: صدرالدین راشدی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں پیر پگاڑا صدرالدین راشدی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل سے ہمارے پرانے تعقات ہیں۔ مسلم لیگ فنکشنل بھی ایک اہم جماعت ہے۔ جتنا ظلم سندھ کے شہروں اتنا ہی دیہی علاقوں میں ہو رہا ہے۔ سندھ کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ پیر صدرالدین راشدی نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں جو ہیں وہ اپنے ماضی کو یاد کر رہے ہیں۔ میرے والد کہتے تھے آنے والے کو سلام جانے والے کو خدا حافظ کہیں۔ مستقبل میں دیہی‘ شہری علاقوں کے لوگوں کو قریب لانے کا کام کرنا ہے۔ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کےلئے آواز اٹھانی ہے۔ یونین کونسل کے چیئرمین اور شہر کے میئر دونوں کو اختیارات ملنے چاہئیں۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر نو کا جوش و خروش سے آغاز ہو گیا ہے ‘ ایک سال میں پورے کراچی کو ٹھیک کرینگے‘ وقت آ گیا ہے اب ہمارے حقوق ملنے چاہئیں‘ کراچی کے لوگوں کو حقوق دینا ہوں گے ‘ تمام سیاسی جماعتیں ہمارے پروگرام میں شرکت کریں ۔ شہر کی صفائی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ 100 دن کے پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کا کام ہو گا۔ ہر ضلع میں ماڈل پارک ‘ ڈسپنسری ‘ سکول بنائیں گے۔ صفائی و ستھرائی کا نظام بہتر بنایا جائیگا۔ شہر کی خدمت سیاست سے بالاتر ہو کر کریں گے۔ وسیم اختر سب کے میئر ہیں ۔ وفاق ‘ سندھ حکومت کراچی سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کریں۔ کراچی کو حصہ نہ ملا تو شہری احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔
صدرالدین راشدی