کراچی: علامہ ربنواز حنفی گرفتار، چچا بھتیجے سمیت 3 افراد کی نعشیں برآمد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) کراچی میں اہلسنت والجماعت کے رہنما علامہ ربنواز حنفی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق حساس ادارے کے اہلکار علامہ ربنواز حنفی کو ساتھ لے گئے۔ اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے صدر کو خاموش کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لی مارکیٹ میں بوسیدہ عمارت کی بالکونی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے کارروائیوں کے دوران پولیس نے 7 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ بفرزون سیکٹر 16 میں پولیس مقابلہ میں 2 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔ نیو کراچی سیکٹر الیون ای میں مکان سے ایک شخص کی نعش ملی ۔ دوسری جانب پاک کالونی میں پولیس نے گینگ وار ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ سرجانی ٹاو¿ن میں پولیس نے چھاپہ مار کر دو سٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نعمان اور زبیر کے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پولیس نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں کالعدم لشکر جھنگوی (نعیم بخاری)گروپ، کالعدم القاعدہ برصغیر اور کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کر دیا۔تفتیشی افسران کے مطابق ہائی پروفائل کیسز میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جانے والا اسحاق عرف بوبی اس کے گروپ کے 14سے زائد اہم ٹارگٹ کلرگذشتہ 6سال سے ضلع شرقی اور غربی میں اہل تشیع وقادیانی ڈاکٹرز،وکیل،پولیس اہلکار اور کاروباری شخصیات سمیت 18سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہ چکے ہے جو تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے،پولیس نے 14اہم دہشت گردوں کی فہرست مرتب کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ سے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق محلے داروں نے نعشوں کی اطلاع دی۔ دونوں افراد کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ دونوں چچا بھتیجا تھے اور بھیک مانگتے تھے۔
ربنواز حنفی گرفتار