یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کےلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے: صدر آزاد کشمیر
مظفرآباد (آئی این پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ یورپ اور دنیا کے دیگر خطوں میں کشمیر کاز کے لئے کام کرنے والے تارکین وطن لائق تحسین ہیں۔ یورپی یونین دنیا کا ایک اہم اقتصادی بلاک ہے۔ جس کا عالمی سیاست میں بہت موثر کردار ہے۔ یورپی یونین کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔ اس بنا پر وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن اور منصفانہ حل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ یورپ اور امریکہ میں پاکستانی اور کشمیر کمیونٹی بہت موثر اور فعال ہے۔ نئی نسل علم اور مہارت سے بھی مالا مال ہے تا ہم تحریک آزاد کشمیر کے حوالے سے تارکین وطن کی کوششوں اور سر گرمیوں کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں حکومت آزاد کشمیر ہر ممکن تعاون کرے گی۔ یورپ میں آباد کشمیری اور پاکستانی وہاں مقتدر حلقوں، سیاستدانوں، پارلیمان اور ذرائع ابلاغ میں اپنا اثر و رسوخ پیدا کریں اور ان تک اپنی بات پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کو موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے۔ اس موقع پر علی رضا سید نے صدر سردار مسعود خان کو کونسل کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے یورپی یونین کے 27 ممبر ملکوں میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دس لاکھ دستخطوں کے حصول کی مہم شروع کر رکھی ہے اور اب تک یورپی یونین کے 9ممالک میں ہماری مہم کامیاب رہی۔
صدر آزاد کشمیر