احسن اقبال کے بیٹے کی بطور ممبر ضلع کونسل اہلیت ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال کی بطور ممبر ضلع کونسل اہلیت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔ فاضل عدالت نے الیکشن کمشن اور احمد اقبال سے 19 دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد وحید نے نارووال کے رہائشی وقاص قدیر شیخ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے سردار کلیم الیاس ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ احمد اقبال کو سیاسی طور پر نوازنے کیلئے نارووال سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بلامقابلہ ممبر ضلع کونسل بنوایا گیا اور اس کیلئے الیکشن شیڈول کے دوران ہی احمد اقبال کا ووٹ شہری علاقے سے دیہی علاقے میں منتقل کیا گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن شیڈول کے بعد ووٹوں کی منتقلی نہیں ہو سکتی، احسن اقبال نے غیرقانونی کام کیلئے اثر و رسوخ استعمال کیا کیونکہ ان کا بیٹا احمد اقبال نارووال سے چیئرمین ضلع کا امیدوار ہے، انہوں نے استدعا کی کہ وفاقی وزیر کے بیٹے احمد اقبال کو ممبر ضلع کونسل کے عہدے سے نااہل قرار دیا جائے۔
اہلیت چیلنج