• news

زرداری، مشرف حکومتوں کا بھی مکمل آڈٹ کیا جائے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر فلسطین اور برما سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے مگر اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس قتل عام پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ تنازع کشمیر کی وجہ سے خطہ کسی بھی وقت تباہ کن ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ حکمران بھارتی اشتعال انگیزیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے اور اعتماد میں لینے میں ناکام رہے۔ وہ صرف اپنے بچاﺅ کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر کے علاقہ میدان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہیں مگر اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کوحق خود ارادیت دلائے اور برما میں جاری مسلمانوں کا قتل عام اور ان کی آبادیوں اور مساجد کو جلانے کا سلسلہ بند کرائے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کیلئے اس وقت سب اہم مسئلہ خود کو پانامہ لیکس سے چھٹکارا دلانا رہ گیا۔ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی سب سے بڑی ذمہ داری خود حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، ہم موجودہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ سابقہ حکومتوں کا بھی محاسبہ چاہتے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ زرداری اور مشرف حکومتوں کا بھی مکمل آڈٹ کرکے تمام لٹیروں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے تاکہ قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جاسکے اور جن لوگوں نے قوم کے خون پسینے کی کمائی کو ذاتی عیش و عشرت اور اللوں تللوں پر خرچ کیا ہے وہ بے نقاب ہوسکیں۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن