• news

حکومت امریکہ پر واضح کرے اب ڈومور کی پالیسی نہیں چلے گی: ساجد میر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکومت کو امریکہ پر واضح کردینا چاہیے کہ اب ڈومور پالیسی نہیں چلے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا امریکی صدر ٹرمپ کو ادارک ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک بڑی طاقت ہونے کے ناطے اسے اپنا کردار اداکرنا ہو گا۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے باشندے آزادی کے لئے بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بھارتی افواج کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے گزشتہ ساٹھ برس سے نبرد آزما ہیں اور گزشتہ اٹھارہ سال سے تو ان کی اس جدوجہد نے باقاعدہ مسلح مزاحمت کی شکل بھی اختیار کرلی ہے لیکن ان کی زبوں حالی اور کسمپرسی کسی کو دکھائی نہیں دے رہی۔ حالانکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں بھی اس کا جلد از جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچنا ایک ایسی ناگزیر ضرورت ہے جس کے بغیر جنوبی ایشیا میں قیام امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اور عالمی برادری واقعی جنوبی ایشیا میں مستقل اور پائیدار امن کے خواہشمند ہیں تو انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان ان بنیادی تنازعات کے تصفیہ کے لئے بھی ٹھوس اور بامعنی کوششیں کرنی چاہئیں۔
ساجد میر

ای پیپر-دی نیشن