رحیم یارخان سے اٹک تک صحت کی مزید سہولتیں فراہم کرنا ترجیح ہے: عمران نذیر
لاہور (انٹرویو: فرخ سعید خواجہ) پنجاب کے وزیر صحت پرائمری اینڈ سکینڈری اور مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمراننذیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی شہباز شریف نے وزارت صحت انہیں عنایت کرکے دراصل نیکیاں کمانے اور عوام کی دن رات خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان سے اٹک تک ہسپتالوں میں صحت کی جدید اور بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ صحت کی محکمانہ پالیسیاں بھی عوامی فلاح کو پیش نظر رکھ کر بنائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہاکہ مشرف آمریت کے دور اور اس کے بعد آنے والی حکومت نے اپنی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث پاکستان کو دہشت گردی اور توانائی کے بحرانوں میں مبتلا کردیا تاہم قائد نواز شریف نے برسراقتدار آ کر محض تین سال میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ پنجاب میں وزیراعلی شہباز شریف نے تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں پر خصوصی توجہ مبذول کی جس سے صوبہ پنجاب باقی تینوںصوبوں کو ترقی کی دوڑ میں خود سے بہت پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ وزیراعلی شہباز شریف نے ان جیسے سیاسی کارکن کے ذمے وزارت لگا کر ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے میں اسے قرض سمجھتا ہوں جس کی ادائیگی کے لئے عوام کی دن رات خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کا ویژن ہے کہ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پر ایک ایسا ہسپتال موجود ہو جس میں مریضوں کی تمام بیماریوں کا علاج ہو سکے۔ ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں کو میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق جدید مشینری اور وسائل کے ساتھ ماڈل ہسپتال بنا دیا جائے گا۔