پاکستان ، روس اور ایران طالبان کی مدد کر رہے ہیں: امریکی کمانڈر کا دعویٰ
واشنگٹن +کابل (ایجنسیاں )امریکی کمانڈر جنرل نکلسن کا کہنا ہے کہ افغان فوج کی کرپشن اور قیادت کے مسائل کا سامنا ہے۔ نکلسن نے پینٹاگون کو بتایا کہ کرپشن کی وجہ سے افغان فوج میں ٹرانسپورٹ کا موثر نظام قائم نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے چوکیوں پر تعینات فوجیوں کے پاس گولہ بارود کا ذخیرہ ہے نہ ہی کھانے پینے کا سامان ہے۔ افغان سکیورٹی فورسز کے کچھ حصے بدعنوانی سے متاثر ہیں، بدعنوانیوں سے میدان جنگ میں فوجیوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہو رہی ہے۔ افغانستان کو آئندہ سال فوج میں بدعنوانی اور قیادت کے بڑے چیلنج درپیش ہونگے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ طالبان کو پاکستان، روس اور ایران سے مدد ملتی ہے جس کی وجہ سے امریکہ پریشان ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ حقانی نیٹ ورک طالبان کے ساتھ مل کر لڑ رہا ہے جو امریکہ ، اتحادیوں اور افغان پارٹنر ز کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے حقانی گروپ کا پاکستان میں محفوظ ٹھکانہ ہے۔