• news

لاہور کے ڈپٹی میئرز کیلئے شارٹ لسٹنگ شروع‘ بیشتر بلامقابلہ کامیاب ہونگے

لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) نے لاہور کے ڈپٹی میئرز کیلئے شارٹ لسٹنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کو مکمل برتری حاصل ہونے کی وجہ سے کسی بھی ڈپٹی میئر کو منتخب کرانے میں پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا جبکہ اس کا بھی امکان ہے ڈپٹی میئرز میں سے بیشتر بلامقابلہ کامیاب ہو جائیں۔ لاہور میں اس وقت 9 ٹاﺅنز کی تقسیم ہے جس کو حکومت 12قومی اسمبلی کے حلقوں کے مطابق تقسیم کرکے 13 ڈپٹی میئر بنانا چاہتی ہے۔ مگر اس کیلئے اسے بلدیاتی قانون میں ترمیم لانا ہو گی۔ لاہور میں اس وقت جن ڈپٹی میئرز کے نام لئے جا رہے ہیں ان میں وسیم قادر اور اللہ رکھا سابق ارکان اسمبلی ہیں اور ہارٹ فیورٹ قرار دئیے جا رہے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق کے کزن مہر محمود بھی یقینی ڈپٹی میئرز میں شامل ہیں۔ اندرون شہر سے حاجی محمد حنیف دوڑ میں اپنے دیگر ساتھیوں سے کافی آگے ہیں۔ ملک افضل کھوکھر کے عزیز راشد صدیق کھوکھر کو جس مخالفت کا سامنا ہے مخالفین کامیاب رہے تو ہما ملک شبیر کھوکھر کے سر پر ہی بیٹھے گا۔ سمن آباد ٹاﺅن کے موجودہ علاقے میں تین تگڑے امیدواروں میں سخت مقابلہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کوآرڈی نیٹر کرنل مبشر جاوید‘ اظہر فاروقی اور میاں طارق اپنے گھوڑے دوڑا رہے ہیں۔ رانا مبشر کے حلقے میں راﺅ شہاب الدین امیدوار ہیں مگر اسلم گجر مقابلے پر ہیں۔ این اے 126 میں خاتون امیدوار رابعہ فاروقی اور تاجر رہنما کے بھائی خرم نذیر میں مقابلہ ہو گا۔ شہر کے مرکزی علاقے میں نذیر سواتی کا مقابلہ نوازشریف اور شہبازشریف کے کزن عارف حمید بٹ سے ہے۔ نذیر سواتی قربانیوں کی وجہ سے فیورٹ قرار دئیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی میئر

ای پیپر-دی نیشن