• news

پیپلز پارٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے: نثار کھوڑو

لاہور (آن لائن+ این این آئی) پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر وزیر اور پارٹی رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آج لاہور میں سندھ ڈے منائے گی۔ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل پر آج عدلیہ بھی شرمندہ ہے۔ 2018ءکے الیکشن کےلئے پیپلز پارٹی بھرپور تیاری کررہی ہے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور بحران میں بہادری سے دن گزارے، کسی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے۔ انہوں نے کہا سی پیک پر دوسرے صوبوں کے تحفظات ہیں جنہیں دورکرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی بنیاد ایک آمر جنرل ضیاءنے رکھی، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے آمریتی حکمرانی کا عنصر ختم نہیں ہو رہا۔ حکمرانوں کی عیاشیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور نہ ہی وفاق نے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام سے خوفزدہ ہیں اور اس ڈر سے نوازشریف اور پرویز مشرف ملک سے بھاگے۔ عمران خان بنی گالا میں چھپے بیٹھے ہیں، اسکا ذکر کیا کریں۔ دوسرے صوبوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے اور حکمرانوں کی عیاشیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ صوبوں میں کشیدگیاں بڑھ رہی ہیں۔ این این آئی کے مطابق نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پنجاب کی ہڑپ کرنے کی پالیسیوں سے دوسرے صوبے اس سے بدظن ہورہے ہیں، مسلم لیگ (ن) ایک صوبے کی جماعت ہے اسلئے تعصب کا مظاہرہ کرتی ہے ، جب ہمیں محرومیوں کا شکار کیا جائیگا تو ہم چیخیں گے اور چلائیں گے ، سی پیک کے منصوبے میں نظرانداز کئے جانے پر سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے ناراض ہیں، شریف خاندان نے قطری شہزادے سے اپنے لئے تو پیسے مانگ لئے، نندی پور پاور پراجیکٹ کےلئے کیوں نہ مانگے؟ عمران خان نے کو خود کو بنی گالہ میں بند کرلیا ہے، اب اسکی کیا بات کی جائے ۔ آج بلاول ہاﺅس لاہور میں یوم تاسیس کے سلسلہ میں سندھ کے کارکنوں کا ورکرز کنونشن ہوگا اور سندھ ڈے کے طور پر بھی منائیں گے۔
نثارکھوڑو

ای پیپر-دی نیشن