ایشین ٹینس کھلاڑیوں کی بین الاقوامی ٹورنا منٹس میں شرکت کا منصوبہ تیار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشین ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری سریش شبراحمانیم نے کہا ہے کہ ایشیا اور پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الا قوامی ٹورنا منٹس میں شرکت کیلئے وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے شرکت کو یقینی بنائیں گے تاکہ ان کی رینکنگ بہتر ہونے کے علاوہ ان کو انعامی رقم بھی مل سکے ۔پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی ٹورنا منٹس میں شرکت کیلئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو پانچ ہزار ڈالر کی امداد دے رہے ہیں جبکہ ایشین ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سینیٹر دلاور عباس نے ایران کے ساتھ ڈیوس کپ ٹائی کے انعقاد کی بھی تصدیق کر دی ہے ۔ایشین ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری سریش نے کہا کہ مجھے پاکستان آکر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے ۔آٹھ سال قبل اے ٹی ٹی بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ۔یہ بورڈ یورپی ٹینس ٹورنا منٹس میں ایشیا کے کھلاڑیوں کی وائلڈ کارڈ کے ذریعے انٹری کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔سری لنکا میں ہونے والے اجلاس میں بڑے ٹورنا منٹس میں ایشین کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے کیونکہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کے بغیر ایشین کھلاڑی نہ تو اپنی رینکنگ بہتر بناسکتے ہیں نہ ہی انعامی رقم حاصل کر سکتے ہیں ۔پہلے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنا منٹ میں صرف جاپان ‘کوریا اور تائیوان کے کھلاڑی شرکت کر سکتے تھے تاہم 2004ء میں ثانیہ مراز اور اعصام الحق کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ۔انہوں نے عقیل خان کے کھیل کی بھی تعریف کی ۔