صیہونیوں کے ہاتھوں القدس کو سنگین خطرات لاحق ہیں: یونیسکو کا انتباہ
مقبوضہ بیت المقدس + رملہ (اے این این)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت یونیسکو نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے تمام تاریخی مقامات صہیونیوں کے ہاتھوں سنگین خطرات کا شکار ہیں۔ یونیسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرانے بیت المقدس کے تمام اہم مقامات اور اس کی تاریخی دیواروں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔بیان میں کئی دوسرے عالمی تاریخی مقامات کو بھی خطرات کی زد میں قرار دیا ہے۔ ان میں بیت المقدس کے علاوہ عراق کے شہر سامرا، مالی کے شہر ٹمبکٹو، شام کا شہر حلب اور صنعا میں موجود تاریخی مقامات بھی تباہی کے دھانے پر ہیں اور اپنا تاریخی اور ثقافتی وجود کھو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ حال ہی میں یونیسکو نے اپنے تاریخی فیصلے میں بیت المقدس اور مسجد اقصی کو مسلمانوں کی ملکیت قرار دیتے ہوئے ان مقامات پر یہودیوں کی ملکیت کا دعوی باطل قرار دیا تھا۔ دریں اثناءاسرائیلی حکام نے نام نہاد سکیورٹی وجوہات کی آڑ میں مزید 12 فلسطینی شہریوں کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی۔ گذشتہ ماہ نومبر کے دوران صہیونی حکام نے 112 فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روکا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گذشتہ سے پیوستہ ہفتے کے دوران بھی صیہونی حکام نے دسیوں فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا۔
یونیسکو