صحرائے تھل میں قطر کا شاہی خاندان شکار میں مصروف
منکیرہ + دریا خان (نامہ نگار)قطری شہزادوں کا صحرائے تھل میں تلور کا شکار جاری ہے، نواحی علاقوں میں درجنوں گاڑیوں کا قافلہ قطری شہزادوں کے ہمراہ شکار کرنے میں مصروف ہے، تلور کے شکار کے لئے آئے قطری شہزادے نواحی علاقہ ماہنی میں بسائے خیموں میں قیام کے بعد گزشتہ صبح درجنوں گاڑیوں کے قافلے کے ہمراہ منکیرہ کے نواحی علاقہ جات کھیوہ، ےارا سولہ، پٹی بلندہ، رکھ ہوندہ لال اور ڈگر کوٹلی میں تلور کا شکار کرتے رہے قطری شہزادے شیخ محمد بن جاسم جابر الثانی اور حمد بن جاسم بن جابر الثانی اپنے شاہی خاندان کے بارہ افراد کے ہمراہ نایاب پرندے تلور کا شکار کرتے رہے اس دوران پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ڈی پی او بھکر خالد مسعود اور ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر قلبِ عباس بھی شہزادوں کی سکیورٹی کی نگرانی کرتے رہے، قطری شہزادے صحرائے تھل میں مزید دو دن قیام کریں گے اور آخری روز قطری حکومت کی جانب سے بن جاسم فاﺅنڈیشن کے زیرِ اہتمام علاقہ تھل میں زیرِ تعمیر 150بیڈ پر مشتمل ہسپتال کا دورہ کریں گے شکار کرنے کے بعد قطری شہزادوں کا قیام ماہنی میں موجود کیمپ میں ہوتا ہے۔ دریا خان سے نامہ نگار کے مطابق صحرائے تھل کے مرکز ماہنی کے علاقہ میں قائم کیمپ کی حفاظت کیلئے مقامی پولیس اور ایلیٹ فورس کے 70سے زائد جوان تعینات کئے گئے ہیں، ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفد کے ساتھ محکمہ شکاریات کے صوبائی وضلعی حکام بھی خصوصی خدمات کیلئے متعین ہیں، جبکہ مقامی ایم پی اے کی طرف سے بھی وفد کی ضروریات کا خیال رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، پہلی بار انتظامیہ کی طرف سے مقامی آبادی کو شکار کیلئے مقرر حدود سے دور رکھنے کیلئے حفاظتی عملہ کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
شہزادے / شکار