سیاست سے پاک ہاکی کے کھیل کا فروغ اولین ترجیح ہے: شہباز سینئر
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ ہاکی کے فروغ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کرسیاست سے پاک ہاکی کا فروغ چاہتے ہیں اور اس کیلئے نیک نیتی سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز احمد نے خیبر پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ کلب ، ریجنل کلب اور پروانشل انٹر کلب کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور چیئر مین صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن وسینئر نائب صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سعید خان ، صدر کیپٹن(ر) طارق حیات اور سیکرٹری سید محمد ظاہر شاہ سمیت تمام آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کلب ہاکی کے فروغ کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس پر خیبر پی کے میں عمل کیاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ کلب ہاکی کے فروغ سے نئے کھلاڑیوں کو آنے میں مدد ملے گی اور سلیکشن کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن آئین وقانون کے مطابق کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست سے پاک ہاکی کی فروغ چاہتے ہیں اور اس کیلئے نیک نیتی سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خیبر پی کے سے اچھے کھلاڑیوں کو موقع دیاجائے کہ وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کریں کیونکہ وہ میرٹ کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور اس ضمن میں کسی کھلاڑی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔