پشاور ائرپورٹ: 8 کلو سونا، نوشہرہ سے 34 کلوگرام ہیروئن پکڑی گئی، 3 گرفتار
پشاور/ نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) پشاور کے باچہ خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ محکمہ کسٹمز نے تلاشی کے دوران آٹھ کلو سے زائد سونا برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ سونا بیلٹ اور جوتوں میں چھپایا گیا تھا۔ سونا دبئی سے پشاور سمگل کیا جانے والا تھا۔ مارکیٹ میں سونے کی مالیت تین کروڑ روپے سے زائد ہے۔ دوسری طرف صباح نیوز کے مطابق نوشہرہ میں 34کلو اعلیٰ کوالٹی ہیروئن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ دو ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ قبضہ شدہ ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں کڑوروں روپے مالیت بنتی ہے۔ ملزمان ہیر وئن ٹرک کے فاضل ٹائروں میں ڈال کر سمگل کرتے تھے۔ معتبر ذرائع سے اطلاع تھی کہ منشیات کی بھاری کھیپ پنجاب اور بعد ازاں بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ گاڑی کے انتظار میں بیٹھے گائوں بانڈہ نبی پبی میں ملزم جابر ولد فدا حسین کے ہاں ہیروئن موجود ہے۔ چھاپہ مار ٹیم نے چھاپہ لگاکر باریک بینی سے تلاشی لینے پر بھوسہ کے کمرے سے 34کلو گرام اعلی کوالٹی کے ہیروئن برآمد کر لی۔ موقع پر ٹرک نمبر 2750کی آمد کے انتظار میں موجود ملزم دائود علی ولد الیاس ، ماجد علی ولد میر رحمن ساکنان بانڈہ نبی کو گرفتار کیا گیا۔ ملزموں نے دوران تفتیش اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہیروئن ہم ٹرک کے فاضل ٹائر (سٹپنی) میں ڈال کر پنجاب، کراچی سمگل کرتے ہیں اور بعد ازاں بیرون ملک سمگل کی جاتی ہے۔