پشا ور : لڑکے اور شادی شدہ خاتون کی نعشیں برآمد‘ فائرنگ سے قتل کیا گیا
پشاور (صباح نیوز+ بی بی سی) پشاور میں تھانہ ریگی کے علاقہ سے ایک نوجوان لڑکے اور ایک شادی شدہ خاتون کی نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے دونوں نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی عمریں 20 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ تھانہ ریگی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں افراد کی نعشوں کو گاؤں کے قریبی کھیتوں میں پھینکا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے جس کے مطابق لڑکے اور خاتون کا تعلق پشاور کے نواحی علاقے مترا سے بتایا گیا ہے۔ دونوں کو متعدد گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔ خیال رہے کہ پشاور سمیت خیبر پی کے کے مختلف اضلاع میں خواتین کے قتل کے واقعات کچھ عرصہ سے بڑھتے جارہے ہیں۔ تقریباً ڈیڑہ ماہ قبل پشاور میں ماں اور بیٹیوں سمیت تین خواتین کو قتل کرنے کے بعد انکی نعشوں کو جلایا گیا تھا۔