اقوام متحدہ نے تنازعات کے شکار ممالک کیلئے 22 ارب ڈالر امداد کی اپیل کر دی
نیویارک (نیٹ نیوز) انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے امدادی ادارے نے کہا ہے کہ آئندہ سال دنیا بھر میں تنازعات اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے والوں کی معاونت کے لئے 22 ارب بیس کروڑ ڈالر درکار ہوں گے جو کہ رواں سال کی گئی درخواست سے 10 فیصد زیادہ ہے۔ درخواست کے مطابق 2017ء کے لئے درکار رقم کا ایک تہائی یعنی تقریباً آٹھ ارب 10 کروڑ ڈالر صرف شام میں مقیم لوگوں اور یہاں سے دیگر ملکوں کا رخ کرنے والے پناہ گزینوں پر خرچ ہونے کی توقع ہے۔ ادارے کے سربراہ سٹیفن اوبرائن کے مطابق 12 کروڑ 80 لاکھ افراد کو فوری طور پر تحفظ اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے لئے ہماری مدد اور یکجہتی کی ضرورت ہے‘۔ تنازعات بشمول یمن، شام، جنوبی سوڈان اور نائیجریا میں معاملات اتنی بڑی رقم کی اپیل کی بڑی وجہ ہیں لیکن اس کے بقول ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفات کے شکار ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔