سلمان خالد پومی بٹ گوجرانوالہ، محمد رزاق فیصل آباد، سردار نسیم پنڈی کے لئے مسلم لیگ ن کے امیدوار میئر نامزد
اسلام آباد/ فیصل آباد / گوجرانوالہ/ قلعہ دیدار سنگھ (محمد نواز رضا + احمد جمال نظامی سے+ نمائندہ خصوصی +نمائندہ نوائے وقت) ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی اعلیٰ قیادت پنجاب کے تمام اضلاع کے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے لئے مسلم لیگ کے امیدواروں کی نامزدگی کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کر سکی تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، لاہور، بہاول پور اور دیگر اضلاع کے بارے میں فیصلہ کر لیا گیا جن کا آج باضابطہ طور اعلان کئے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے راولپنڈی کے چیئرمین شپ کا فیصلہ کرنے کے لئے آج پنجاب ہائوس میں اجلاس طلب کر لیا، گوجر خان کو چیئرمین شپ دینے کی تجویز زیر غور ہے چوہدری نثار آج جاوید اخلاص، اشفاق سرور اور دیگر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد حتمی امیدوار کا فیصلہ کریں گی۔ راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے لئے مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے صدر سردار نسیم کو میئر کے لئے امیدوار نامز کردیا گیا ہے جب کہ ڈپٹی میئر کے لئے شیخ ارسلان حفیظ، سجاد خان اور چوہدری طارق میں سے کسی ایک کو ڈپٹی میئر کا امیدوار نامزد کیا جائے گا۔ حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت آج لاہور میں اجلاس ہو گا جس میں فیصل آباد سمیت ان اضلاع کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا اٹک کے لئے سردار احسن خان کو چیئرمین ضلع کونسل کا امیدوار بنایا گیا۔ گجرات سے حاجی تنویر کو ضلع کونسل کا چیئرمین بنایا جائے گا لاہور سے خواجہ احمد حسان کو ڈراپ کر دیا گیا ان کی جگہ کرنل (ر) مبشر کو میئر بنایا جائے گا۔ چکوال سے ظہور اعوان ضلع کونسل کے چیئرمین کا انتخاب لڑیں گے و زیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صوبائی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے بہتر طور کام کئے بغیر جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی، بلدیاتی ادارے قومی قیادت کیلئے نرسری کے طور پر کام کرتے ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق قیادت نے ایم پی اے عمران خالد بٹ اور نائب صدر چیمبر کامران خالد بٹ کے بڑے بھائی سلمان خالد پومی بٹ کو میئر گوجرانوالہ اور چیئرمین ضلع کونسل ایم این اے اظہر قیوم ناہرا اور سابق ایم پی اے مدثر قیوم ناہرا کے بڑے بھائی مظہر قیوم ناہرا کو چیئرمین بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ اس بات کا اعلان آج مسلم لیگ ن کے ایم این اے حمزہ شہباز شریف ضلع گوجرانوالہ کے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان سے اجلاس میں کریں گے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی میئر کیلئے اسلم ابراہیم انصاری، شیخ ثروت اکرام اور حمزہ بٹ کے نام زیر غور ہیں۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چودھری مظہر قیوم ناہرا کو چیئرمین ضلع کونسل کے لئے امیدوار نامزد کردیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرا نے نوائے وقت/ وقت نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا چیئرمین ضلع کونسل کا گوجرانوالہ ٹکٹ دینے پر ہم وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کی نامزدگی پر ضلع گوجرانوالہ کے مختلف حلقوں میں مسلم لیگی کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر متوالوں نے بھنگڑے ڈالے اور ٹکٹ ملنے کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ فیصل آباد سے احمد جمال نظامی کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف نے سٹی میئر فیصل آبادکے لئے رانا ثناء اللہ گروپ کے محمد رزاق ملک جبکہ چیئرمین ضلع کونسل کے لئے میاں قاسم فاروق کو مسلم لیگ (ن) کا امیدوار نامزدکردیا۔ مسلم لیگ (ن) ذرائع کے مطابق پارٹی کی طرف سے میئر کا امیدوار رانا ثناء اللہ گروپ جبکہ تین ڈپٹی میئرز کی نامزدگی کا اختیار چودھری شیر علی گروپ کو دے دیا گیا۔ اسی طرح چیئرمین ضلع کونسل کا اجماعتی امیدوار میاں قاسم فاروق کو نامزد کر کے زاہد نذیر گروپ کو دو وائس چیئرمین ضلع کونسل اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری افضل ساہی کو ایک وائس چیئرمین ضلع کونسل کی نامزدگی کا اختیار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چودھری افضل ساہی اپنے بیٹے جنید افضل ساہی کو وائس چیئرمین ضلع کونسل نامزد کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی میئرز اور وائس چیئرمینز ضلع کونسل کی نامزدگی کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان بھی تمام مخالف دھڑوں کے درمیان مفاہمت کے لئے ایک کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ یہ کمیٹیاں ڈپٹی میئرز اور وائس چیئرمین ضلع کونسل کے لئے مخالف دھڑوں کے درمیان افہام و تفہیم کروائیں گی۔ سٹی میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کی دوڑ میں شامل مسلم لیگ (ن) کے مخالف دھڑوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے وزیراعظم کی طرف سے دو روز کی تاخیر کے فیصلے کی پالیسی اپنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ نامزدگی حاصل کرنے والے گروپوں کی طرف سے وزیراعظم کے ان فیصلوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میئر لاہور کا اعلان وزیراعظم (آج) دونوں امیدواروں سے ملاقات کے بعد کریں گے۔
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے بلدیاتی اداروں کے سربراہان اور ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمین کے لئے کئے گئے متعدد فیصلوں کو ری اوپن کر دیا۔ طویل مشاورت میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ متفقہ فیصلے چاہتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لارڈ میئر لاہور کے لئے ہاٹ فیورٹ امیدوار خواجہ احمد حسان کو این اے 126 ہی سے 2018ء کا الیکشن لڑنے کی ہدایت کی جا سکتی ہے۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ لارڈ میئر کے لئے ایک اور لیا جانے والے نام چودھری وسیم قادر بھی ریس سے خارج ہو گیا اور انہیں لاہور کے 9 زونوں میں سے 1 زون کے لئے ڈپٹی میئر کے لئے فائنل کر لیا گیا۔ دیگر جن پانچ ڈپٹی میئرز کو فائنل کئے جانے کی اطلاع ہے اُن میں نذیر خان سواتی، چودھری اللہ رکھا، میاں طارق، مشتاق مغل اور مہر محمود شامل ہیں۔ وزیراعظم کے ماموں زاد بھائی عارف حمید بٹ بھی لارڈ میئر کے مضبوط امیدوار تھے تاہم اُن کی ٹکٹ بھی مشکوک ہو گئی ہے کیونکہ میاں نواز شریف نے لارڈ میئر کے لئے دو مزید نام مانگ لئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر مسلم لیگ (ن) لاہور پرویز ملک کے دست راست رہنے والے کرنل (ر) مبشر جاوید جو کہ اب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا دایاں بازو بنے ہوئے ہیں انہیں لارڈ میئر کے لئے زیرغور لایا جا رہا ہے جبکہ خواجہ احمد حسان کی کزن اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 کی کوآرڈی نیٹر رابعہ فاروقی کا نام بھی لارڈ میئر کے لئے زیرغور ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 96 مسلم لیگی چیئرمینوں نے ڈپٹی میئر کی ٹکٹ کے لئے پارٹی کو درخواستیں دے رکھی ہیں۔ ان میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے سابق صدر و سابق ڈپٹی میئر حاجی محمد حنیف، یوتھ ونگ کے نمایاں لیڈر اور خواجہ سعد رفیق اور میاں غلام حسین شاہد کے پسندیدہ کارکن رانا اعجاز حفیظ سمیت راؤ شہاب الدین، سید حشمت علی، شاہد محمود چندا، قیصر امین بٹ، عارف نسیم کشمیری، سابق ڈپٹی میئر نظامت چودھری، شجاع الدین بٹ، حافظ اسعد عبید، سہیل بٹ راڈو والے، چودھری طاہر مسعود سندھو، سجاد ربانی، ارشد احمد خان، کرنل (ر) طاہر کاردار، خرم نذیر، توصیف احمد قریشی، اجمل ہاشمی، انجینئر رانا انعام، مقصود گجر اور دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن 6 ڈپٹی میئرز کو فائنل کیا گیا اُن سمیت کرنل (ر) مبشر جاوید بھی ڈپٹی میئر کی ٹکٹ کے لئے درخواستیں جمع کروانے والوں میں شامل ہیں۔ میئر، ڈپٹی میئرز، چیئرمین وائس چیئرمین کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی چونکہ 9 اور 10 دسمبر کو جمع کروائے جانے ہیں اور ان کاغذات کو پینل کی صورت میں جمع کروانا ہو گا اس لئے مسلم لیگ (ن) نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے لارڈ میئر اور ڈپٹی میئرز کا مشترکہ پینل معہ کورنگ امیدواروں کا پینل جبکہ 36 کارپوریشنوں اور 36 ضلع کونسلوں کے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے مشترکہ پینل اور کورنگ پینل جمع کروائے ہیں لہٰذا 8 دسمبر تک بہرحال تمام امیدواروں کا اعلان کرنا ہو گا۔