• news

پشاور:رافعہ بم ڈسپوزل یونٹ کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی‘ ایشیائی خاتون بن گئیں

پشاور(این این آئی) دہشت گردی سے متاثرہ صوبے خیبرپی کے کی پولیس اہلکار رافعہ بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی اور ایشیائی خاتون بن گئیں۔ 7 سال قبل پولیس فورس جوائن کرنے والی 29 سالہ رافعہ بم ڈسپوزل یونٹ میں 15 روز کی ٹریننگ کے بعد باقاعدہ بم ڈسپوزل کا کام شروع کریں گی۔31 اہلکاروں کے ہمراہ خاتون اہلکار کو نوشہرہ کے اسکول آف ایکسپلوسیو ہینڈلنگ میں بموں کی اقسام، شناخت اور ناکارہ بنانے کے حوالے سے تربیت دی جائیگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے باہمت پولیس کانسٹیبل رافعہ نے کہا کہ جس دن وہ پولیس فورس جوائن کررہی تھیں اس دن بھی سیشن کورٹ کے نزدیک دھماکا ہوا تھا، اس دھماکے نے بھی ان کے حوصلے کو پست نہیں بلکہ بلند کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ یونٹ اس لیے جوائن کیا کیونکہ آئے دن خیبر پی کے میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور پاکستان اور ایشیاءمیں آج تک کسی خاتون کو رضاکارانہ طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کا حصہ بنتے نہیں دیکھا گیا۔ رافعہ نے کہاکہ جس طرح اللہ نے انہیں اس فورس کی بدولت ملک میں عزت اور مقام عطا کیا ہے اس سے پوری دنیا انہیں پہچانتی ہے ¾ان کی خواہش ہے کہ پاکستان اور پولیس فورس کا مثبت تاثر عملی طور پر پوری دنیا میں پہنچایا جا سکے۔ پاکستان صرف میرا ملک نہیں ہے بلکہ میرا گھر ہے، پاکستان کی عوام میری فیملی ہے اور میں اپنی فیملی کے لیے قربانی دوں یہ میرے لیے قابل فخر ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن