• news

جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف مہم تیز کی جائے: شہباز شریف، لندن میں طبی معائنہ

لندن (خصوصی رپورٹر + عارف چودھری) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے لندن سے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں جعلی ادویات کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے۔ اس مذموم کاروبار کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جعلی کاروبار میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔ ہمیں ہر شہری کی جان عزیز ہے اور عوام کو جعلی ادویات تیار کرنے والے مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ اس مکروہ کاروبار کا ہر قیمت پر قلع قمع کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے جعلی ادویات کے خلاف جاری مہم میں حصہ لینے والے اداروں اور افسروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جہاں عوام کو معیاری اور بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے وہاں انہیں معیاری ادویات کی فراہمی بھی بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ حکومت صوبے میں ادویات کی خریداری کے عمل، تقسیم اور ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے جس سے ادویات کی خوردبرد اور غیرمعیاری ادویات کا خاتمہ ہوگا۔ کاروبار کرنے والوں پر ہاتھ ڈالا اور اب پوری قوت سے ان کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے۔ حکومت ایسا نظام لا رہی ہے جس سے معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں طبی سہولتیں میسر آئیں اور بلاتفریق ہر ایک کو معیاری ادویات دستیاب ہوں۔ مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف نشاندہی اور صحیح اطلاع دینے والے کو انعام دیا جائے گا اور ایسے فرض شناس شہریوں کے نام بھی صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کا لندن میں طبی معائنہ کیا گیا اور مختلف میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کا معمول کا میڈیکل چیک اپ 3 ماہ قبل ہونا تھا لیکن سرکاری امور کی انجام دہی کے باعث وقت پر اپنا طبی معائنہ نہیں کراسکے تھے۔ چند روز قبل ایک اجلاس کے دوران ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔ وزیراعلیٰ میڈیکل چیک اپ کے بعد جلد وطن واپس آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن