• news

دہشت گردوں کے خلاف زیر و ٹالرنس، بلا امتیاز کارروائی کی جائے: آرمی چیف

راولپنڈی/ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی پیک کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف بلا امتیاز آپریشنز پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو کوئٹہ کا دورہ کیا ۔ اپنی کوئٹہ آمد کے فوراً بعد آرمی چیف نے مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنیوالے تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں پاک فوج کے سربراہ نے سدرن کمان ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں کمان کی آپریشنل تیاریوں ، بلوچستان میں مجموعی سکیورٹی صورتحال اور جاری سٹیبلائزیشن آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے آرمی فرنٹیئر کور قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں قابل ذکر بہتری پر خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں امن کی بحالی کیلئے خاص طور پر بلوچستان کے عوام کی حمایت اور قربانیوں کو سراہا۔ فوج اور سول حکومت کی طرف سے سیکیورٹی اور ترقی کیلئے اختیار کی گئی مشترکہ حکمت عملی کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج صوبائی حکومت کو امن کی بحالی کیلئے ہر طرح کی ضروری معاونت فراہم کریگی۔ اس سلسلہ میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار کے فروغ میں تعاون کیا جائیگا اور دور دراز علاقوں میں تمام منصوبوں کیلئے سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف کوئی نرمی نہ برتنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد سے ہر طرح کے دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز آپریشنز پر توجہ مرکوز رکھی جائے ۔ آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی طرف سے صوبے میں روڈ نیٹ ورک کے قیام کو سراہا اور عوام کیلئے زمینی روابط کو فروغ دینے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ آرمی چیف نے سی پیک کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن