• news

لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایپکا کے مطالبات کے حق میں مظاہرے، دھرنے، ریلیاں

لاہور+ حافظ آباد+ فیصل آباد (سپیشل رپورٹر + نامہ نگاران) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایپکا کی کال پر مطالبات کے حق میں سرکاری ملازمین نے لاہور سمیت حافظ آباد، فیصل آباد اور وہاڑی میں ہڑتال کی، ریلیاں نکال کر مظاہرے کئے، دھرنے دیئے۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت کیخلاف نعرے بازی کی اور مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ لاہور میں صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ایپکا کے جائز مطالبات جن میں ملازمین کی اَپ گریڈیشن ، ہائوس رینٹ ریکوزیشن کی منظوری ، تنخواہوں میں 7.5 فیصد دیگر صوبوں کی طرح اضافہ، کنٹریکٹ ملازمین محکمہ زکوۃ، زراعت واٹرمینجمنٹ ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیگر کو ریگولر کرنا، انشورنس کی رقم کی ریٹائرمنٹ پربھی ادائیگی کے مطالبات پر کوئی مثبت جواب موصول نہ ہوا ہے جس پر پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ملازمین زیر قیادت ضلعی صدور ڈی سی اوآفسز کے باہراحتجاج کرتے ہوئے دھرنے دیئے گئے جبکہ لاہور میں صبح10بجے پنجاب لوکل گورنمنٹ کمپلیکس سے سول سیکرٹریٹ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت لالہ محمد اسلم صدر ایپکا لاہور ڈویژن ہزاروں ملازمین شریک ہوئے اور احتجاج کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرنادیا گیا۔شرکا ریلی نے پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر ایپکا کے مطالبات اور نعرے درج تھے جس کی وجہ سے سول سیکرٹریٹ کے باہر ٹریفک گھنٹوں جام رہی اور سیکرٹریٹ کے اند ر حکومتی مشینری کا کام مکمل طور پر بند رہا۔دھرنے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے ایپکا قائدین سے مذاکرات کیے اور یقین دہانی کرائی کہ مطالبات جلد منظور کر لیے جائیں گے اور باقاعدہ نوٹیفیکیشن جار ی ہوجائیگا ۔ضلع حافظ آباد کے ملازمین نے مطالبات کے حق میں ہڑتال کرتے ہوئے ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ صوبائی اور ضلعی محکموں کے ملازمین نے ایپکا کے ضلعی صدر چوہدری نصراللہ ہنجرائ، سیکرٹری رانا محمد امجدفریدی کی قیادت میں ڈی سی او آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ مظاہرین سے ضلعی صدر چوہدری نصراللہ ہنجراء سمیت دیگر عہدیداروں نے خطاب کیا۔ فیصل آباد میں چنیوٹ بازار سے ضلع کونسل چوک تک احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور مطالبات کے حق اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ وہاڑی میں تمام دفاتر کی تالہ بندی اور مکمل ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر ضلع بھر سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے عہدیدران وجملہ ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورمحکمہ خوراک کے آفس سے ڈی سی او آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن