عمران کے وکلاء کی دلیلوں سے ثابت ہو گیا کیس پانامہ نہیں شیروانی کا ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے وکلاء کے دلائل سے ثابت ہو گیا کہ یہ کیس پانامہ کا نہیں شیروانی اور حسد کا ہے ‘ مریم نواز پاکستان کے قانون کے تحت خود مختار خاتون ہیں ‘ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمن نے کہاکہ عمران خان ایسا تاثر دینا چاہتے ہیں کہ ان کے الزامات کی توثیق ہو گئی ہے ، وہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ طلال چوہدری نے کہاکہ مخالفین نے کیس میں وکلاء کے ساتھ ساتھ موقف بھی تبدیل کئے۔ عمران خان نے محمد نواز شریف کے مینڈیٹ کو متنازعہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے وکلاء نے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی درخواست دی ہے۔ عمران خان کے وکلاء وزیر اعظم کی تقاریر میں تضاد ڈھونڈ رہے ہیں۔ ہمارے پیش کئے گئے ثبوتوں پر عمران خان کے وکلاء دلیلیں پیش کر رہے ہیں ان کے دلائل سے ثابت ہو گیا کہ یہ کیس پانامہ کا نہیں شیر وانی اور حسد کا ہے ‘ 2018ء میں ہر صورت عمران خان کو ہمارا سیاسی مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہیں کسی صورت راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے۔ نواز شریف نے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کیا۔ ملک کو موٹر ویز اور اقتصاد ی راہداری جیسے منصوبے دئیے۔ انوشہ رحمن نے کہا کہ پانامہ کیس کی سماعت ختم ہونے کے بعد عمران خان نیند سے جاگ جاتے ہیں۔ عمران نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا۔ جوڈیشل کمشن میں بھی ان کو منہ کی کھانا پڑی تھی۔ انوشہ رحمن نے کہا کہ عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے خود تسلیم کیا کہ وہ ٹیکس سپیشل لائر نہیں ہیں ۔ عمران خان کسی طور بھی سچ نہیں چھپا سکتے۔ ان کو دوسروں کی جیبوں سے صرف چیریٹی لینا آتا ہے۔ عمران خان کی حیثیت کے کئی لوگ مریم نواز کے ملازم ہیں۔ شریف خاندان پر الزام لگانے والے خود کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پہلے نواز شریف کے مینڈیٹ کو متنازعہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ خان صاحب مریم نواز اور حسین نواز سے 40 سال پہلے کے حساب پوچھ رہے ہیں۔ وہ خود بھی بتائیں کہ ان کے بڑے کیا کرتے رہے ہیں اور انہیں عدالت سے باہر آ کر جسٹس خان نہیں بننا چاہیے۔ عمران خان موقف اور وکلاء بدل کر کیس کو طول دینا چاہتے ہیں۔