امریکی محکمہ خارجہ کی انڈر سیکرٹری کا اسحاق ڈار کوفون، اقتصادی تعاون کیلئے ملکر کام پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ کی انڈر سیکرٹری برائے اقتصادی امور، توانائی اور ماحولیات کیتھرین اے نوویلی نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور موجودہ حکومت کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے دوران مائیکرو اکنامک استحکام و گورننس میں بہتری کے لئے کی گئی اصلاحات اور جرأت مندانہ اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے امریکا کی جانب سے تعاون اور امداد پر شکریہ ادا کیا جس کے نتیجہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان سرکاری اور نجی شعبہ میں دوطرفہ روابط بڑھے ہیں۔ کیتھرین اے نوویلی نے اس امید کا اظہار کیاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ واشنگٹن کی صورت میں وہ دوطرفہ اقتصادی تعاون پر بات چیت کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا دو طرفہ اقتصادی تعاون نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے تحت بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ وزیر خزانہ نے امریکا کے ساتھ جاری دوطرفہ اقتصادی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ نو منتخب امریکی صدر کی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات بڑھیں گے۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی مفاد میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحاق ڈار اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ اجلاس میں شرکت کیلئے پیرس پہنچ گئے۔ چوتھا اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ اجلاس 6 سے 9 دسمبر تک ہورہا ہے۔ اسحاق ڈار نے پیرس میں فرنچ ایجنسی فار ڈویلپمنٹ (اے ایف ڈی) کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کی سربراہی فرانسیسی صدر اولانہ کررہے ہیں۔ گینی کے صدر، ہیٹی کے وزیراعظم، سری لنکا کے وزیر خزانہ سمیت اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔ اے ایف ڈی مئی 2007 سے پاکستان میں مصروف عمل ہے اور انرجی کے پراجیکٹس میں فنڈز کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فرانس کے ادارہ برائے ترقی اے ایف ڈی کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے تقریب کی میزبانی کی۔ تقریب میں فرانس کے وزیر خارجہ جین مارک ایرالٹ، گنی کے صدر، ہیٹی کے وزیراعظم، سری لنکا کے وزیر خزانہ، اے ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، فرانسیسی ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں اور سول سوسائٹی و میڈیا کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فرینچ ایجنسی فار ڈویلپمنٹ مئی 2007ء سے پاکستان میں کام کر رہی ہے۔