کینال روڈ توسیع کیخلاف درخواست، چیف سیکرٹری سے 3ہفتوں میں جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ہسپتال سے ٹھوکر نیاز بیگ تک کینال روڈ کی توسیع کیخلاف درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ماحولیات سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے تحریک انصاف کے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے ڈاکٹر ہسپتال سے ٹھوکر نیاز بیگ تک کینال روڈ کی توسیع کا منصوبہ بنایا ہے، اس منصوبے کی وجہ سے سینکڑوں درخت کاٹے جائیں گے، درختوں کی کٹائی سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا، پہلے ہی ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے شہر میں متعدد جگہ پر درخت کاٹے گئے ہیں جس کی وجہ سے شہر کی آب و ہوا آلودہ ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر ہسپتال سے ٹھوکر تک کینال روڈ کی توسیع کا منصوبہ روکنے کا حکم دیا جائے اور درختوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔