سپریم کورٹ نے پی پی 4 گوجر خان سے راجہ شوکت عزیز کی بحالی کیخلاف الیکشن کمشن کی اپیل خارج کر دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پی پی 4 گوجر خان سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی کی معطل رکنیت بحال کرتے ہوئے الیکشن کمشن آف پاکستان کی اپیل خارج کردی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس امیر حانی مسلم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی تو راجہ شوکت کے وکیل وحید انجم ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بی اے کی جعلی ڈگری کے معاملے پر 2013ء میں الیکشن کمشن نے ان کے موکل کے خلاف سیشن کورٹ میں مقدمہ دج کروایا اور شوکت عزیز کی رکنیت صوبائی اسمبلی معطل کرتے ہوئے انہیں بطور ایم پی اے کام سے روک دیا تھا ، راجہ شوکت عزیز نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو ہائی کورٹ لاہور نے ان کی رکنیت صوبائی اسمبلی بحال کرنے کا حکم دیا تو ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کی۔