شہبازشریف نے فاٹا کے طلبہ کا دانش سکولز میں داخلے کا کوٹہ بڑھانے کیلئے کمیٹی بنا دی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف نے فاٹاخصوصا وزیرستان کے طلبا و طالبات کے دانش سکولوں میں داخلے کا مختص کردہ کوٹہ بڑھانے کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن سربراہ ہوں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، وائس چیئرمین پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹر آف ایکسی لینس اتھارٹی ،ایم ڈی پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹر آف ایکسی لینس اتھارٹی اور سپیشل سیکرٹری خزانہ شامل ہوں گے۔ کمیٹی فوری طور پر کام شروع کرے گی اور آئندہ تین روز میں سفارشات مرتب کر کے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ کمیٹی پنجاب کے دانش سکولوں میں فاٹابالخصوص وزیرستان اور دیگر وفاقی یونٹس کے طلبا و طالبات کے لئے موجودہ کوٹے کا جائزہ لے گی اور مستحق طلبا و طالبات کے داخلے کیلئے نشستیں بڑھانے کا جائزہ لینے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی شعبے کی بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں ایسے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ دانش سکولز کا قیام ان انقلابی اقدامات کی ایک مثال ہے۔ علم و دانش کے یہ گہوارے محروم معیشت طبقات کے ہونہاروں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ دانش سکولوں کے قیام نے نہ صرف امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم کی ہے بلکہ پسماندہ علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے نگینوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور انہیں جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایک جانب جہاں دانش سکولز قوم کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے ہونہاروں کی آبیاری کا کام کر رہے ہیں وہاں دوسری جانب قومی وحدت اور یکجہتی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف